پونے: بھارتی ٹیلی ویژن انڈسٹری کے مقبول ہارر ڈرامے ‘وکرال گبرال’ اور ‘اش کوئی ہے’ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے اداکار و سابق کرکٹر سلیل انکولا کی والدہ کی گلا کٹی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار سلیل انکولا کی 77 سالہ والدہ 4 اکتوبر جمعہ کے روز پونے میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ 77 سالہ مالا اشوک انکولا کا گلا کٹا ہوا تھا جبکہ زخم دیکھ کر ایسا ظاہر ہورہا ہے کہ اُنہوں نے خود اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کی ہے۔
بھارتی پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ اُس وقت سامنے آیا کہ جب مالا اشوک کی ملازمہ کام کرنے کے لیے فلیٹ پر آئی اور جب اداکار کی والدہ نے دروازہ نہیں کھولا تو ملازمہ نے پریشانی کے عالم میں اُن کے رشتہ داروں کو اطلاع دی۔
پولیس کے مطابق جب فلیٹ کا دروازہ کھولا گیا تو اداکار کی والدہ مردہ حالت میں تھیں، اُن کا گلا کٹا ہوا تھا اور بظاہر ایسا لگتا ہے کہ اُنہوں نے کچن میں استعمال ہونے والی چھری سے اپنا گلا کاٹا۔۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ مالا اشوک انکولا ذہنی مرض میں مبتلا تھیں اور شاید اسی وجہ سے اُنہوں نے اپنی جان لی۔
مزید پڑھیں: اداکار و سابق کرکٹر سلیل انکولا بھارتی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ بن گئے
اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) سندیپ گل نے کہا کہ ہمیں اُن کی لاش مشکوک حالت میں ملی، ہم اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ قدرتی موت ہے، خودکشی ہے یا پھر قتل۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی، تاہم واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔
یاد رہے کہ بھارت میں سلیل انکولا وہ چہرہ ہیں جن سے لوگ خوب اچھی طرح واقف ہیں لیکن بطور کھلاڑی نہیں بلکہ ٹی وی شوز کے ذریعے، اُنہوں نے وکرال گبرال اور اش کوئی ہے سمیت سنجے دت کی فلم میں بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
سلیل انکولا نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے ساتھ نومبر 1989 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے اس ٹیسٹ میں دو وکٹیں لی تھیں لیکن اس کے بعد وہ کوئی ٹیسٹ میچ نہ کھیل سکے۔
وہ ون ڈے میں بھی سچن ٹنڈولکر کے ساتھ ڈیبیو کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے تاہم بھارت کیلئے محض 20 میچز کھیل سکے۔
سلیل انکولا نے 1998 میں 28 سال کی عمر میں پیشہ ورانہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی اور پھر فلموں اور ڈراموں میں کام کرنے لگے تھے۔