پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول اداکارہ و ماڈل ازیکا ڈینیئل نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شوبز میں آنے سے قبل بطورِ ایئرہوسٹس ملازمت کرتی تھیں۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران ازیکا ڈینیئل نے اپنے کیریئر کے بارے میں کھل کر بات کی، اداکارہ نے کہا کہ میں پہلے ایئرہوسٹس تھی اور دورانِ ملازمت مجھے کئی بار ڈراموں اور ماڈلنگ کی پیشکش ہوئی تھی۔
ازیکا ڈینیئل نے کہا کہ میں نے سال 2010 میں ایئرہوسٹس کی ملازمت چھوڑ کر بطورِ ماڈل اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اپنے پہلے شوٹ کے لیے جاپان گئی تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ کیریئر کی شروعات میں لگتا تھا کہ میں اداکاری نہیں کرسکوں گی، اسی وجہ سے اپنے پہلے پراجیکٹ کے بعد ہی کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور دو سال تک شوبز کا کوئی پراجیکٹ نہیں کیا تھا لیکن پھر میں نے بعد میں باقاعدہ اپنے شوبز کیریئر کا آغاز کیا اور کئی ڈراموں میں اداکاری کی۔
اُنہوں نے کہا کہ جب میں بطورِ ایئرہوسٹس ملازمت کرتی تھی تو فضائی سفر کے دوران کئی افراد مجھے اپنا بزنس کارڈ دیتے تھے جس پر مجھے بہت غصہ آتا تھا لیکن اپنی ملازمت کی وجہ سے خاموش رہتی تھی۔
ازیکا ڈینیئل نے کہا کہ ایئرہوسٹس کو دورانِ پرواز بزنس کارڈ دینا ہراسانی ہے اور اب اس طرح کی ہراسانی میں دن بدن اضافہ ہی ہورہا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ اب تو کام کی جگہوں پر خواتین کو ہراساں کرنا عام سی بات ہے، ہراسانی کے خلاف مختلف پلیٹ فارمز پر تحریک بھی چلائی گئی لیکن ان واقعات میں کوئی کمی نہیں آئی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے افراد یہ سمجھتے ہیں کہ اگر کوئی لڑکی کام کے لیے گھر سے نکل رہی ہے تو وہ اپنے لیے رشتہ تلاش کرنے کے لیے نکلی ہے۔