ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن نے ہارر کامیڈی فلم ’’بھول بھلیاں 3‘‘ دیکھنے کےلیے مداحوں سے انوکھے دھمکی آمیز انداز میں درخواست کی ہے۔
ودیا بالن نے ’’بھول بھلیاں‘‘ میں منجولیکا کا کردار ادا کیا تھا جو فلمیں شائقین کے ذہنوں پر آج بھی نقش ہے۔
ودیا بالن نے اپنے اسی کردار کا حوالہ دیتے ہوئے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ یکم نومبر کو سینما گھر پہنچ جائیں ورنہ منجولکا آپ کو چھوڑے گی نہیں‘‘۔
ودیا بالن 17 سال بعد بھول بھولیاں فرنچائز میں واپس جلوہ گر ہوئی ہیں، جہاں وہ بھول بھلیاں کے تیسرے سیکوئل میں اداکار کارتک آریان اور ترپتی ڈمری کے ساتھ پردہ اسکرین شیئر کریں گی۔
ودیا بالن نے 9 اکتوبر کو ’بھول بھلیاں 3‘ کے ٹریلر لانچ کے موقع پر فرنچائز میں واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں شامل کرنے پر پروڈیوسر بھوشن کمار کا شکریہ ادا کرتی ہوں، 17 سال بعد واپسی پر انتہائی خوش ہوں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان 17 سال میں بھول بھلیاں نے مجھے بہت پیار دیا اور امید ہے کہ سیکوئل کی تیسری فلم بھی اگلے 17 سال تک ایسا ہی کرے گی۔
فلم کی شوٹنگ جے پور میں ہوئی ہے، جس سے متعلق ودیا نے کہا کہ اس جگہ سے پرانا تعلق ہے، بھول بھلیاں کی مکمل شوٹنگ یہاں ہوئی تھی۔ اسی لیے آج ہم یہاں ٹریلر لانچ کررہے ہیں۔
یاد رہے بھول بھلیاں 2007 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں ودیا بالن نے مرکزی کردار آونی اور منجولیکا کا کردار نبھایا تھا جبکہ ان کے مدمقابل شائنی آہوجہ اور ساتھی اداکار اکشے کمار تھے۔
بھول بھلیاں 2 میں مرکزی کردار کارتک آریان نے ادا کیا تھا جو 2022 میں ریلیز ہوئی، بھول بھلیاں 3، ان ہی دونوں فلموں کا سیکوئل ہے، جس کی کاسٹ میں کارتک آریان، ترپتی ڈمری، ودیا بالن، وجے راز، مادھوری ڈکشٹ اور راجپال یادو شامل ہیں۔