ممبئی: بھارتی سنسر بورڈ نے انسداد تمباکو نوشی پر مبنی اکشے کمار کا مشہور اشتہار ’’نندو‘‘ تھیٹرز سے ہٹادیا ہے۔
اکشے کمار کا تمباکو نوشی مخالف اشتہار چھ سال سے بھارتی تھیٹروں میں دکھایا جارہا تھا، لیکن اب فلم بینوں کو یہ اشتہار دیکھنے کو نہیں ملے گا۔ ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سی بی ایف سی نے اس اشتہار کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اشتہار کو ہٹانے کا فیصلہ کس وجہ سے ہوا، لیکن یہ بتایا گیا ہے کہ مذکورہ اشتہار کو ایک دوسرے تمباکو مخالف اشتہار سے بدل دیا جائے گا۔
اکشے کمار کے انسداد تمباکو نوشی اشتہار کو ہٹانے کا فیصلہ گزشتہ ماہ لیا گیا تھا۔ اشتہار کے ہٹائے جانے پر فلم بینوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ یہ اشتہار یاد کریں گے۔ فلم دیکھنے والوں کو اس اشتہار کے تمام ڈائیلاگ یاد ہیں۔
ملٹی پلیکس سینما کے ایک اہلکار نے کہا کہ ’’یہ میرا پسندیدہ تمباکو نوشی مخالف اشتہار تھا کیونکہ اس میں کسی بھی پریشان کن خیال کے ایک اہم پیغام دیا گیا تھا۔‘‘
اکشے کمار کا یہ اشتہار نندو کے نام سے مشہور تھا، جس کے ڈائیلاگ فلم بین شوق سے دہراتے تھے۔