42

شاہ رخ خان ٹاپ 10 خوبصورت اداکاروں کی فہرست میں شامل

 ممبئی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان کا نام دنیا کے ٹاپ 10 خوبصورت اداکاروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان کا نام خوبصورت اداکاروں کی فہرست میں مشہور پلاسٹک سرجن ڈاکٹر جولین ڈی سلوا کے ذریعے کیے گئے ایک سائنسی مطالعہ کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے۔

اس سائنسی تحقیق میں ’’گریک گولڈن ریشو آف بیوٹی فائی‘‘ کا استعمال کرتے ہوئے چہرے کی ہم آہنگی اور خوبصورتی کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

ڈی سلوا نے چہرے کی نقشہ سازی کا جدید سافٹ ویئر استعمال کیا تاکہ اس بات کا اندازہ لگایا جاسکے کہ مختلف ستاروں کے چہرے کی خصوصیات گولڈن ریشو سے کس حد تک مطابقت رکھتی ہیں۔ یہ فارمولا روایتی طور پر آرٹ اور ڈیزائن میں جمالیات کی پیمائش کےلیے استعمال ہوتا ہے۔

اس تحقیق کے بعد شاہ رخ خان دنیا کے دس سب سے خوبصورت اداکاروں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جس میں ان کا نام دسویں پوزیشن پر ہے۔

رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کے چہرے کی ہم آہنگی کا اسکور 86 اعشاریہ 76 رہا، جو کافی متاثر کن ہے۔

مشہور پلاسٹک سرجن ڈاکٹر جولین ڈی سلوا نے بتایا کہ چہرے کی ہم آہنگی کے مختلف پہلوؤں کو ناپنے کے لیے ایک تناسب کا استعمال کیا گیا جس میں شاہ رخ خان واحد بھارتی اداکار ہیں، جو اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔

اس سائنسی تحقیق کی فہرست میں کئی دیگر اداکار بھی شامل ہیں جنہوں نے شاہ رخ خان سے زیادہ درجہ حاصل کیا۔ فہرست کے مطابق برطانوی اداکار ادریس ایلبا نے 87 اعشاریہ 94 کے اسکور کے ساتھ نویں پوزیشن حاصل کی۔

2024 کے 10 سب سے خوبصورت اداکاروں کی فہرست میں 2023 کی درجہ بندی سے واپس آنے والے صرف دو ستارے شامل ہیں۔ شاہ رخ خان اس فہرست میں شامل ہونے والے واحد ہندوستانی اداکار ہیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں