ممبئی: مشہور سیاستدان بابا صدیقی کے حالیہ قتل نے ملک بھر میں صدمے کی لہر دوڑا دی ہے اور اس سانحے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں سلمان خان اور ان کے خاندان کا نام سرِ فہرست ہے۔
سلمان خان اور ان کے خاندان کے بابا صدیقی سے قریبی تعلقات تھے اور جب سے گینگسٹر لارنس بشنوئی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
ارباز خان نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ سلمان خان اور ان کے خاندان کو لاحق خطرات کے باعث انہوں نے پولیس سے مدد طلب کی ہے تاکہ ان کی مکمل حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
ارباز خان نے کہا، “ہم ٹھیک ہیں، لیکن یہ نہیں کہہ سکتا کہ ہم مکمل طور پر ٹھیک ہیں، کیوں کہ فی الحال خاندان میں بہت کچھ ہو رہا ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ انہیں پولیس اور حکومت کی جانب سے مکمل تعاون مل رہا ہے اور پوری کوشش کی جا رہی ہے کہ سلمان خان اور ان کا خاندان محفوظ رہے۔ ہماری پوری توجہ اس بات پر ہے کہ سب کچھ صحیح طریقے سے ہو اور سلمان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
یاد رہے کہ لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو دھمکیاں اس وقت سے دینا شروع کی تھیں جب اداکار پر 1998 کے کالے ہرن کے شکار کیس کا الزام لگا تھا۔