گجرانوالہ:
یونان کشتی حادثے کے تناظر میں انسانی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق یونان کشتی حادثے کے تناثر میں کارروائیاں کی گئی، جس میں بدنام زمانہ انسانی اسمگلر سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جن میں عبدالمجید، محمد نقاش، امجد چھمہ، محمد شبیر اور حافظ شاہد اقبال شامل ہیں۔ ملزمان کو گجرانوالہ، سیالکوٹ، منڈی بہاالدین اور گجرات کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزمان سادہ لوح شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گئے ۔ ملزم عبدالمجید حالیہ یونان کشتی حادثے میں ملوث ہے، جس کے خلاف 2 مقدمات درج ہیں۔ ملزم نے فہد خالد نامی شہری کو کشتی کے ذریعے یونان بھجوانے کے لیے 42 لاکھ روپے بٹورے۔ حکام کے مطابق حالیہ یونان کشتی حادثے میں متاثرہ شہری لاپتا ہوگیا تھا۔
اسی طرح ملزم محمد نقاش نے شہری کو ملائیشیا میں ملازمت کا جھانسا دے کر 3 لاکھ 80 ہزار روپے بٹورے۔ ملزم امجد چھم کے قبضے سے 4 جب کہ ملزم شاہد اقبال کے قبضے سے 2 پاسپورٹس برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزمان بیرون ملک بھجوانے کے نام پر شہریوں سے بھاری رقوم وصول کررہے تھے۔
ملزم محمد شبیر نے شہری کو سعودی عرب بھجوانے کے نام پر 3 لاکھ ہتھیائے۔ گرفتار ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے، جنہیں گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دوسری جانب ایف آئی اے اسلام آباد زون نے ایک کارروائی میں شہریوں کو غیر قانونی طور پر سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث اشتہاری ملزم کو گرفتا کرلیا۔ ترجمان کے مطابق ملزم کی شناخت حسن بٹ کے نام سے ہوئی، جو شہریوں کو غیر قانونی سمندر کے راستے لیبیا بھجوانے میں ملوث ہے۔
گرفتار ملزم پولیس کا سابقہ ملازم ہے جسے چھاپا مار کارروائی میں جلال پور جٹاں سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے شہریوں کو غیر قانونی طور پر ترکی سے یورپ بھجوانے کے لیے لاکھوں روپے وصول کیے تھے۔
اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لیے متعدد بار چھاپے مارے گئے تھے جب کہ ملزم 2022ء سے اسلام آباد زون کو مطلوب تھا۔ ملزم کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد میں 2022 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔