28 دسمبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ایکس‘‘ پر اس دعویٰ کے ساتھ شیئر کی جانے والی ویڈیو کہ ’’افغان طالبان نے ڈیورنڈ لائن کے قریب پاک فضائیہ کا ایک ہیلی کاپٹر گرا دیا‘‘، درحقیقت غلط ہے۔
فیکٹ چیک کے دوران یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ یہ ویڈیو دراصل ستمبر 2023 کی ہے، جس میں بلوچستان کے شہر گوادر میں پاک بحریہ کے ایک ہیلی کاپٹر کے حادثے کو دکھایا گیا تھا۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ ویڈیو افغان طالبان کی جانب سے ڈیورنڈ لائن کے قریب پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کی ہے۔ جبکہ یہ بات سراسر غلط ہے۔
جھوٹ پر مبنی یہ پوسٹ 28 دسمبر کو ایک ہندوستانی صارف کی طرف سے شیئر کی گئی تھی، 17 سیکنڈ کے اس ویڈیو کلپ میں ایک ہیلی کاپٹر کو دکھایا گیا تھا جو زمین پر گرنے سے پہلے کنٹرول سے باہر ہورہا تھا۔ اس پوسٹ کا کیپشن تھا کہ ’’پاکستانی فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کو افغان طالبان کے ایلیٹ کمانڈوز نے متنازع ڈیورنڈ لائن کے قریب مار گرایا۔‘‘
اس غلط پوسٹ کو 690,800 ویوز حاصل ہوئے، جبکہ ویڈیو کو دوسرے صارفین کی جانب سے بھی ری شیئر کیا گیا تھا۔
اصل خبر کے مطابق یہ واقعہ 4 ستمبر کو بلوچستان کے علاقے گوادر میں پاک بحریہ کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے کا ہے، جس کے نتیجے میں عملے کے تین افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق پاک بحریہ کے ترجمان نے گوادر میں تربیتی پرواز کے دوران ہیلی کاپٹر کے حادثے میں پاک بحریہ کے 2 افسران اور ایک سپاہی کے شہید ہونے کی تصدیق کی تھی۔ حادثے کی یہ ویڈیو سی سی ٹی وی فوٹیج تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ ویڈیو کلپ کو اس سے پہلے بھی بھارتی پروپیگنڈا آؤٹ لیٹس پاکستان اور بلوچستان کے حوالے سے غلط معلومات پھیلانے کےلیے استعمال کرچکے ہیں۔