معروف بھارتی اداکار اجیت کمار دبئی 24 آورز ریس 2025 کی تیاری کے دوران حادثے کا شکار ہو گئے۔
دبئی کے ٹریک پر ہونے والی پریکٹس سیشن میں ان کی ریس کار حفاظتی بیریئر سے ٹکرا گئی، تاہم خوش قسمتی سے اداکار محفوظ رہے۔
اجیت کمار، جو اپنی ریسنگ ٹیم “اجیت کمار ریسنگ” کے مالک بھی ہیں، چھ گھنٹوں پر مشتمل پریکٹس سیشن میں حصہ لے رہے تھے۔ ان کی ٹیم کے دیگر اراکین میتھیو ڈیٹری، فیبین ڈفیو اور کیمیرون میکلوڈ بھی اس ایونٹ میں ان کے ساتھ شامل ہیں۔
ان کی کار 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلتے ہوئے حفاظتی بیریئر سے ٹکرائی اور سات بار گھومنے کے بعد رک گئی۔
ان کے منیجر، سریش چندرا نے مداحوں کو ان کی خیریت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا: “اجیت بالکل محفوظ اور صحت مند ہیں۔ حادثہ کے وقت وہ 180 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گاڑی چلا رہے تھے۔”
اجیت کمار کی نئی فلم “ویدامویارچی” کا ریلیز شیڈول تبدیل کر دیا گیا ہے، جو اصل میں اس ہفتے کے آخر میں ریلیز ہونا تھی۔