کراچی:
نارتھ کراچی بیت النعم اپارٹمنٹ سیکٹر فائیو کے سے ایک ہفتے قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والے ننھے صارم کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز ننھے صارم کے والد کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا جس میں وہ اس بات کی تصدیق کر رہے ہیں کہ صارم کی والدہ کو تاوان کا واٹس ایپ پیغام موصول ہوا ہے جو انٹرنیشنل نمبر سے بھیجا گیا تھا ، واٹس ایپ پیغام میں 5 لاکھ روپے نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئی ہیں اورتاوان کی رقم بھیجنے کے لیے بین الاقوامی بینک اکاؤنٹ کا نمبر بھی دیا گیا ہے۔
مغوی کے والد کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ پیغام کے جواب میں ہم نے ثبوت مانگا تو پہلے رقم بھیجنے کی دھمکیاں دی گئیں جبکہ اکاؤنٹ نمبر پولیس کو بھی فراہم کر دیا گیا ، والد کا کہنا ہے کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے خدارا میرے بچے کا سراغ لگایا جائے۔
اس حوالے سے ایس ایچ او بلال کالونی اسرار آفریدی نے بتایا کہ 7 جنوری کو صارم اپنے ہی فلیٹ سے لاپتہ ہوا تھا جو بھائی کے ہمراہ اپارٹمنٹ میں موجود مسجد کے مدرسے میں پڑھنے گیا تھا جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہوگیا اور اس واقعے کا مقدمہ نمبر 13 پولیس نے 8 جنوری کو والد کی مدعیت میں دفعہ 364 اے کے تحت درج کرلیا تھا۔
انھوں ںے بتایا کہ 7 سالہ صارم کی تلاش میں بلال کالونی پولیس نے بیت النعم اپارٹمنٹ کے 212 فلیٹس کی تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ پانی کے زیر زمین 4 بڑے ٹینک ، سیوریج کی لائنیں ، خالی فلیٹس اور چھت سمیت دیگر مقامات کی مکمل تلاشی لی ہے جبکہ شک کی بنا پر متعدد مقامات پر چھاپے بھی مارے لیکن ننھے صارم کا بدقسمتی سے کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
انھوں نے مزید بتایا کہ صارم کے والد کی جانب سے تاوان کے حوالے بیان سامنے آنے پر مقدمے کی تفتیش اینٹی وائلنٹ کرایم سیل پولیس کو منتقل کر دی ہے جو اس حوالے سے مزید تحقیقات کرےگا۔
دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور عہدیداروں کی جانب سے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے باہر ننھے صارم کی بازیابی کے لیے مظاہرہ کیا تھا اور مطالبہ کیا گیا کہ بچے کے ماں اور باپ سمیت دیگر اہلخانہ ایک ہفتے سے پریشان ہیں لیکن ننھے صارم کا اب تک سراغ نہیں لگایا جا سکا جو پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
دریں اثنا گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری بیت الانعام اپارٹمنٹ 5 ایل نیو کراچی میں مغوی بچے صارم کے گھر پہنچ گئے اور مغوی بچے کے والدین سے ملاقات کی اور صارم کی بازیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
گورنر سندھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صارم کی بازیابی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔