7

کراچی؛ ڈکیتی مزاحمت اور ٹریفک حادثات میں 15 دنوں میں 36 شہری جاں بحق


کراچی:

شہر قائد میں رواں ماہ جنوری کے 15 دنوں میں ڈکیتی مزاحمت، ہوائی فائرنگ اور ٹریفک حادثات میں 36 افراد جاں بحق ہوئے۔

شہر میں رواں ماہ جنوری کے 15 روز میں ڈکیتی مزاحمت ، ہوائی فائرنگ اور ٹریفک حادثات میں ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق چھیپا فاؤنڈیشن نے اعداد و شمار جاری کیے ہیں جس کے مطابق رواں ماہ کے 15 روز میں ٹریفک حادثات میں خواتین ، کمسن بچوں و بچیوں ، نو عمر لڑکوں اور بزرگ سمیت مجموعی طور پر 36 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ٹریفک حادثات میں 528 شہری زخمی بھی ہوئے۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق زخمیوں میں خواتین ، بچے ، بوڑھے اور جوان بھی شامل ہیں جبکہ شہر میں رواں سال کے 15 روز میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 3 افراد کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے ابدی نیند سلا دیا جبکہ اس دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے مزاحمت پر 15 سے زائد افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ کورنگی کے علاقے زمان ٹاون میں 12 روز کے دوران 2 شہری ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ ڈکیتی مزاحمت پر کورنگی زمان ٹاون میں پہلا قتل ساحل مسیح کا ہوا۔

ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے دوسرا قتل اسٹیل ٹاؤن گھگھر پھاٹک میں آصف نامی نوجوان کا ہوا جبکہ تیسرا قتل ڈسٹرکٹ کورنگی زمان ٹاؤن میں نماز فجر کی ادائیگی کے بعد گھر جانے والے حافظ مظفر کو ڈاکوؤں نے اپنی سفاکانہ فائرنگ کا نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا۔

چھیپا فاؤنڈیشن کے مطابق شہر میں شادی کی خوشی میں کی جانے والی فائرنگ سے پہلی ہلاکت بھی ڈسٹرکٹ کورنگی کے علاقے عوامی کالونی میں ہوئی جبکہ رواں سال اب تک ہوائی فائرنگ سے مجموعی طور پر 11 افراد زخمی ہوگئے جس میں 9 مرد 2 خواتین شامل ہیں ۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں