1

اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے دکاندار کی جان لے لی

کراچی:اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے دکاندار کی جان لے لی۔

شہر میں ڈاکو راج کسی بھی صورت پولیس کے قابو میں آنے کا نام ہی نہیں لے رہا گزشتہ روز ڈاکوؤں نے مجموعی طور پر 4 شہریوں کو موت کے گھات اتار دیا جبکہ رواں سال مزاحمت پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 24 ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ساڑھے گیارہ صدیق اکبر مسجد کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔

ریسکیو حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ یامین کے نام سے کی گئی جسے چہرے پر گولی لگی تھی جبکہ واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا تھا، علاقے سے ملنے والی اطلاعات اور ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے۔

اقبال مارکیٹ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول یامین موبائل کمیونیکیشن کے نام کی دکان کا مالک تھا جسے گردن اور سینے پر گولیاں لگی تھیں۔ عباسی شہید اسپتال میں ایس ایچ او اقبال مارکیٹ شاہ فیصل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ ذاتی رنجش کے بنا پر ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے جس میں موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے دکان پر فائرنگ کی تھی جبکہ واردات کے بعد مقتول کا نوعمر بھانجا بھی دکان پر تھا۔

اسپتال میں مقتول کے پڑوسی نے بتایا کہ مقتول کی گزشتہ 20 سال سے دکان ہے جبکہ وہ 2 بچوں کا باپ اور اسی علاقے کا رہائشی تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تمام پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہے جبکہ قریب لگے کلوز سرکٹ کیمروں کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان کی شناخت میں مدد مل سکے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں