1

جنوبی پنجاب؛ پابندی کے باوجود ریچھ اور کتوں کی لڑائی کا کھیل جاری

(فوٹو: اسکرین گریب)

(فوٹو: اسکرین گریب)

 لاہور:پابندی کے باوجود جنوبی پنجاب میں ریچھ اور کتوں کی خونی لڑائی کا کھیل ختم نہ کیا جاسکا۔

اتوار کے روز ڈیرہ غازی خان کے ضلع تونسہ میں ریچھ اور کتوں کی لڑائی کی ویڈیو سامنے آگئی ، جس پر ڈی جی پنجاب وائلڈلائف نے واقعے کی تحقیقات اور ملزمان کے خلاف کارروائی کی ہدایات جاری کردیں۔

ایکسپریس نیوز کو اتوار کے روز موصول ہونے والی ویڈیو تونسہ شریف کی بستی ڈونہ کی ہے، جہاں مقامی لوگوں نے ریچھ اور کتوں کی خونی لڑائی کا اہتمام کیا۔ لوگوں کی بڑی تعداد یہ خونی کھیل دیکھنے کے لیے جمع تھی۔

واضح رہے کہ پنجاب وائلڈلائف ایکٹ کے تحت اس طرح کے کھیل تماشوں پر پابندی ہے جب کہ ریچھ اور کتوں کی لڑائی کروانا جرم ہے مگر اس کے باوجود اس طرح جانوروں کی لڑائی کے کھیل منعقد کروانے کا سلسلہ ختم نہیں کیا جاسکا ہے۔

اس خونی کھیل میں ریچھ کے ساتھ لڑائی کے لیے 3، 4 کتے چھوڑے جاتے ہیں جب کہ ریچھ کے ناک میں نکیل ڈال کر اسے رسی سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔ کتے ریچھ پر حملہ کرتےاور اسے زخمی کرتے ہیں۔ زخمی اورمجبور ریچھ کی چیخوں پر تماشائی تالیاں بجاتے ہیں۔

اطلات کے مطابق ڈی جی پنجاب وائلڈلائف نے واقعے کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف تونسہ شریف کو فوری انکوائری اور ملزمان کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں