1

عام انتخابات میں شفافیت کا اسکور گزشتہ دو انتخابات کے مقابلے میں کم ترین رہا، پلڈاپ

 اسلام آباد:پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹوڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاپ) نے اپنی جائزہ رپورٹ میں کہا ہے کہ عام انتخابات 2024 میں شفافیت کا اسکور گزشتہ دو انتخابات کے مقابلے میں کم ترین رہا۔

رپورٹ کے مطابق عام انتخابات میں مجموعی طور پر شفافیت کا اسکور 49 فیصد رہا جو کہ 2018 کے عام انتخابات کے حاصل کردہ اسکور سے 3 فیصد پوائنٹس کم ہے۔ خیال رہے کہ 2013 اور 2018 کے عام انتخابات میں شفافیت کا جائزہ اسکور بالترتیب 57 اور 52 فیصد تھ۔

پلڈاپ کے مطابق 2013 کے بعد سے ان اسکورز میں مسلسل کمی، پاکستان میں جمہوری عمل کے کمزور ہونے کی علامت ہیں اور انتخابی نظام میں عوام کا اعتماد بحال کرنے کی فوری ضرورت کو ظاہر کرتے ہیں۔

رپورٹ میں ان مسائل سے نمٹنے کے لیے پلڈاپ نے پورے انتخابی عمل میں شفافیت اور احتساب کے اقدامات کو بڑھانے کی سفارش کی ہے۔ علاوہ ازیں پلڈاپ نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ وہ خاص طور پر نتائج کو مرتب کرنے، ان کی ترسیل اور انضمام کے حوالے سے  2024 کے عام انتخابات کے دوران ہونے والی تاخیر اور خامیوں کی مکمل تحقیقات کرے۔

علاوہ ازیں رپورٹ میں کہا گیا کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ 2018 کے بعد سے نتائج مرتب کرنے کے انتظام میں کوئی موثر پیش رفت نہیں ہوئی اور اس کا اسکور 40 فیصد پر رکا ہوا ہے جو الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) آپریشن میں انکوائری کی ایک اہم ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں