1

مقدمات اور مینڈیٹ کی واپسی کے بغیر مفاہمت کی پیشکش معنی نہیں رکھتی، پرویز الہٰی

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مینڈیٹ چوری کے خلاف عوام احتجاج کریں گے—فائل: فوٹو

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مینڈیٹ چوری کے خلاف عوام احتجاج کریں گے—فائل: فوٹو

 اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ جعلی مقدمات اور پی ٹی آئی کے اصل مینڈیٹ کی واپسی کے بغیر حکومت کی جانب سے ہونے والی مفاہمت کی پیش کش کوئی معنی نہیں رکھتی ہے۔

صدر پی ٹی آئی چوہدری پرویزالہٰی نے اینٹی کرپشن عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ فارم 45 پر ٹمپرنگ تشویش ناک ہے، ملک بھر میں پی ٹی آئی کے جیتے ہوئے امیدواروں کا نتیجہ تبدیل کرکے ہروایا گیا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے ملک کو خوف ناک بحران کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، ہماری مخصوص سیٹیں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں تقسیم کرکے الیکشن کمیشن نے ظلم اور ناانصافی کی انتہا کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا اس معاملے پر یہ فیصلہ عدلیہ کے ماضی کے فیصلوں کی بھی خلاف ورزی ہے، موجودہ بحران سے نکلنے کا واحد راستہ عمران خان سے براہ راست اور بامقصد بات چیت ہے۔

صدر پی ٹی آئی نے کہا کہ جعلی مقدمات اور پی ٹی آئی کے اصل مینڈیٹ کی واپسی کے بغیر حکومت کی مفاہمت کی پیش کش کوئی معنی نہیں رکھتی، چیئرمین پی ٹی آئی واحد شخصیت ہیں جو ملک کو لیڈ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جعلی ووٹوں اور جعلی سیٹوں سے جعلی حکومت میں مصنوعی طور پر ہوا بھری جا رہی ہے، گجرات کے عوام اپنے مینڈیٹ کی واپسی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، اتوار کو عوام دھاندلی کے خلاف تاریخی احتجاج کریں گے۔

چوہدری پرویزالہٰی نے کہا کہ جعلی حکومت کے پاس معیشت، غربت، مہنگائی، بے روزگاری امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورت حال کو کنٹرول کرنے کا کوئی فارمولا نہیں ہے، اسمبلی میں لاڈلوں کی جھوٹی تقریریں عوام کا غصہ کم نہیں کر سکتیں، موجودہ حکمران جعل سازی سے حکومت بنا کر بھی ذلیل ہو رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی آج بھی پاکستان کی سب سے مقبول جماعت ہے، پنجاب کے عوام پر تجربے بند کیے جائیں، ہمارے منصوبوں پر اپنی تختیاں لگا لیں لیکن عوامی منصوبوں کو چلنے دیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں