1

“ملازم پر تشدد کے واقعے کے بعد میری نظر میں راحت فتح علی کیلئے عزت بڑھ گئی”

راحت فتح علی خان نے بوتل گُم ہونے پر ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا : فوٹو : ویب ڈیسک

راحت فتح علی خان نے بوتل گُم ہونے پر ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا تھا : فوٹو : ویب ڈیسک

  کراچی:

پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ راحت فتح علی خان نے اپنی غلطی پر پوری قوم سے معافی مانگی جس کے بعد میری نظر میں اُن کے لیے عزت بڑھ گئی ہے۔

حال ہی میں ریشم نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے راحت فتح علی خان کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلوکار و قوال نے عالمی سطح پر پاکستان کی عزت بڑھائی ہے، پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔

ریشم نے کہا کہ گزشتہ دنوں راحت فتح علی خان سے ایک غلطی ہوگئی تھی جس پر اُنہوں نے سب سے پہلے اللہ تعالیٰ سے معافی مانگی، پھر اپنے ملازم سے اور پوری قوم سے معافی مانگی۔

اداکارہ نے کہا کہ راحت فتح علی خان کی معافی کے بعد میری نظر میں اُن کے لیے عزت بہت بڑھ گئی ہے کیونکہ بہت ہی کم لوگ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس واقعے کے بعد، اب ہمیں راحت فتح علی خان کو پہلے سے زیادہ عزت اور پیار دینا چاہیے۔

مزید پڑھیں: ‘دم والے پانی کا کمال’، جویریہ سعود کا راحت فتح کے صدارتی ایوارڈ پر تبصرہ

واضح رہے کہ رواں سال 27 جنوری کو سوشل میڈیا پر راحت فتح علی خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اپنے گھریلو ملازم پر تشدد کررہے تھے، مذکورہ ویڈیو میں گلوکار اپنے ملازم سے کسی بوتل کا پوچھ رہے تھے۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد راحت فتح علی خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ سب سے پہلے میں اپنے رب سے معافی کا طلبگار ہوں، اُس کے بعد اپنے ملازم، خاندان، دوستوں، عزیز و اقارب اور مداحوں سے بھی معافی مانگتا ہوں کیونکہ انہیں میرے اس رویے کی وجہ سے تکلیف پہنچی ہے۔

مزید پڑھیں: ملازم پر تشدد، مجھ سے غلطی ہوئی ہے معافی مانگنا چاہتا ہوں، راحت فتح علی

راحت فتح علی خان کا مزید کہنا تھا کہ وہ کوئی دوسری بوتل (شراب) نہیں تھی بلکہ اُس بوتل میں اُن کے پیر کا دم کیا ہوا پانی تھا اور وہ بوتل اُس شاگرد سے کھو گئی تھی۔

یاد رہے کہ راحت فتح علی خان کو رواں سال 23 مارچ کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا تھا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں