اسلام آباد: حکومت نے بیرون ممالک سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کو پاکستانی پاسپورٹ نہ جاری کرنے کا فیصلہ ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اس ضمن میں ایک مراسلہ وزارت خارجہ اور دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے والوں کو پاسپورٹ جاری نہ کیے جائیں، جن لوگوں نے پناہ کی درخواست دے رکھی ہے انہیں بھی پاسپورٹس جاری نہ کیے جائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے تمام پاکستانی جو کسی بھی بنیاد پر دوسرے ممالک میں پناہ لیں گے انہیں پاسپورٹ نہیں ملے گا ایسے پاکستانیوں کے پاسپورٹ منسوخ کردیے جائیں گے اور ان کی دوبارہ تجدید بھی نہیں ہوگی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے ذریعے یورپ اور امریکا پہنچنے والے افراد پناہ لیتے ہیں، غیرقانونی طور پر بیرون ممالک جانے والے افراد کی وجہ سے پاکستان کا نام بدنام ہورہا ہے، انسانی اسمگلنگ کے خلاف ٹھوس اقدامات کے تناظر میں پاکستانی حکومت نے یہ اقدام اٹھایا ہے۔