10

وزیراعظم کا سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطہ،عید الاضحٰی کی مبارکباد کا تبادلہ

 اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے  سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

ایوان وزیراعظم  سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،جمعیت علمائے اسلام کے صدر مولانا فضل الرحمان، مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین ، اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں عید الاضحٰی کی مبارک باد دی۔

وزیراعظم نے عبد العلیم خان ، سردار خالد مگسی، سردار اختر مینگل ، آفتاب شیرپاؤ اور پروفیسر ساجد میر سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سیاسی رہنماؤں سے کہا کہ عید کے اس پر مسرت و بابرکت موقع پر پاکستان کی بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، امید ہے پاکستان کے معاشی استحکام کیلیے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔

شہباز شریف نے اتحادی رہنماؤں سے ٹیلی فونک گفتگو میں  کہا کہ دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے۔

سیاسی رہنماؤں نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ، نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اتحادی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا-





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں