کراچی: نیو کراچی اور زمان ٹاؤن پولیس نے مبینہ مقابلوں کے بعد 2 زخمی سمیت 4 ڈاکوؤں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور لوٹا ہوا دیگر سامان برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق نیو کراچی پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سیکٹر 11 اے حافظ جی مزار والی سڑک سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 3 ڈاکوؤں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت علی حیدر ولد ذیشان کے نام سے کی گئی جبکہ گرفتار دیگر دو ملزمان نے اپنے نام عمران اور مزمل بتائے ہیں۔
گرفتار ملزمان سے ایک نائن ایم ایم پستول بمعہ گولیاں، موبائل فونز، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
زمان ٹٓاؤن پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب کورنگی کراسنگ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لے جایا گیا، ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 20 سالہ عرفان ولد محمد بخش کے نام سے کی گئی۔
گرفتار ملزم کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے گرفتار ملزم سے ایک پستول بمعہ گولیاں، چھینا گیا موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی۔