4

پاکستان کو غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا، سائبر اسپیس بہت بڑا خطرہ بن چکی ہے، احسن اقبال


کراچی:

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو اس وقت غیر اعلانیہ جنگ کا سامنا ہے جس کا مقصد ملک میں اندورنی انتشار اور عدم استحکام پیدا کرنا ہے، اس کو دہشت گردی کی لہر سے ملاکر دیکھیں تو سب کھیل سمجھ آجائے گا۔

کراچی میں ناصر شاہ کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی فائدہ مند ہونے کے ساتھ بہت بڑا خطرہ بھی بن چکی ہے، سائبر اسپیس ایک نیا محاذ ہے جس کے دفاع کیلئے ہر ملک تگ ودو کررہا ہے، امریکا جیسے ملک کو بھی سائبر سکیورٹی کے چیلنجز درپیش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر ملک اپنی سائبر اسپیس کے دفاع اور محفوظ بنانے کیلئے اقدامات کررہا ہے، پاکستان نے اس میں تاخیر سے قدم اٹھایا لیکن ملک کی سلامتی کیلئے اقدامات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی لوگوں سے رسیدیں مانگتے تھے مگر جب ان سے کہا گیا کہ رسیدیں دکھاؤ تو وہ بوگس نکلیں جب وہ اصلی رسیدیں دکھا دیں گے تو رہا ہوجائیں گے، برطانیہ سے آنے والا 190 ملین پاونڈ قومی خزانے کے بجائے اپنے دوست کے اکاونٹ میں جمع کرادیا، انہوں نے جو رسیدیں دیں اسکے مطابق وزیراعظم کو سستے تحفے ملے اور اس کے عملے کو مہنگے تحفے ملے، کیا کہیں ایسا ہوسکتا ہے؟۔

احسن اقبال نے کہا کہ ماضی میں ترقی کی تین اڑانیں کریش ہوتے دیکھ چکے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ حکومت میں شریک ہے، اڑان پاکستان حکومت کا نہیں قوم اور پاکستان کے مستقبل کا منصوبہ ہے، اس کے اسٹیک ہولڈر 24 کروڑ عوام ہیں، منصوبے پر خیبرپختونخوا حکومت کو بھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔

شازیہ مری کے بیان پر احسن اقبال نے کہا کہ اتحادی حکومت میں ہلکی پھلکی موسیقی چلتی رہتی ہے۔ پی پی ن لیگ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتیں ہیں جن کے اپنے اپنے نظریات ہیں لیکن پاکستان کی سلامتی اور مفاد کے معاملے پر دونوں متفق ہیں۔ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ میں ترقیاتی فنڈز بھرپور طریقے سے جاری کرے گی اور سیلاب سے یہاں جو تباہی ہوئی اس سے نکلنے میں صوبائی حکومت کی مدد کرے گی۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں