لندن: برطانیہ کے عام انتخابات میں پانچ فلسطین کے حامی امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق کامیاب ہونے والے امیدواران میں لیبر پارٹی کے سابق امیدوار جیریمی کوربن بھی شامل ہیں، جیریمی کوربن نے بطور آزاد امیدوار کامیابی حاصل کی۔ سیاسی مبصرین کے مطابق جیریمی کوربن کو غزہ کے خلاف اسرائیلی جنگ میں مسائل پر بات کرنے پر کامیابی ملی۔
مزید پڑھیں: ’تبدیلی‘ کے خواہشمند برطانیہ کے نامزد وزیراعظم کیئر اسٹارمر کون ہیں؟
رپورٹ کے مطابق دیگر چار امیدوار وں نے بھی آزاد امیدوار کے طور پر کامیابی حاصل کی، جن میں شوکت ایڈم، جنوبی لیسٹر سے کامیاب ہوئے۔
الجزیرہ کے مطابق ایوب خان نے برمنگھم کے علاقے پیری بار سے سیٹ جیتی، عدنان حسین، بلیک بار سے کامیاب ہوئے، جبکہ اقبال محمد، ڈیوسبری اور بٹلی سے سیٹ جیت گئے۔
یہ بھی پڑھیں: برطانوی انتخابات میں لیبرپارٹی کی لینڈ سلائیڈ وکٹری؛ نئے وزیراعظم کا اعلان
واضح رہے کہ برطانیہ میں ہونے والے عام انتخابات میں 650 میں سے 412 نشستیں حاصل کرکے اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی نے 14 سال سے حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کا پتا صاف کردیا۔
کنزرویٹو صرف 121 نشستیں حاصل کرپائی جو گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں 244 نشستیں کم ہیں، پچھلے الیکشن میں محض 202 نشستیں حاصل کرنے والی اپوزیشن جماعت لیبرپارٹی نے اس بار 412 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے میدان مار لیا ہے۔
انتخابات میں 71 نشستیں حاصل کرکے لبرلز جماعت تیسرے نمبر پر رہی۔ لبرلز کی یہ کامیابی حیران کن ہے کیوں کہ گزشتہ الیکشن کے مقابلے میں 60 سیٹیں زیادہ لی ہیں۔
یاد رہے کہ برطانیہ میں حکومت بنانے کے لیے 326 نشستوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ لیبر پارٹی لینڈ سلائیڈ وکٹری کے باعث بغیر کسی اتحادی کے تن تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔
لیبر پارٹی کی فتح کے بعد حکمراں جماعت کنزرویٹو پارٹی کے وزیراعظم رشی سنک نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا جب کہ نئے وزیراعظم کے لیے لیبرپارٹی نے کئیر اسٹارمر کے نام کا اعلان کردیا۔