سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے حکومت کو بے اختیار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو لوگ جیل میں ملاقات نہیں کرا سکے، وہ مذاکرات کو خاک کامیاب کروائیں گے، جوڈیشل کمیشن بنائیں گے یا نہیں، فیصلہ تو کسی اور نے کرنا ہے، یہ تو ویسے ہی جمعہ جنج کے ساتھ ہیں۔
انسداد دہشتگری عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیا سال سب پر مزید بھاری ہو گا، میں پہلے کہتا تھا کہ قبر ایک اور مردے دو لیکن اب قبر ایک اور مردے تین ہوگئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں آج بھی بڑوں سے اپیل کرتا ہوں کہ غریبوں کو معاف کر دیں، ان کے حالات بڑے خراب ہیں، ہم پاکستان میں ہی نہیں تھے لیکن ہم کیسوں میں ہیں اور دو دو سال ہو گئے ہیں، 16، 16 کیسز ہیں اور کسی طرف نہیں لگ رہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں آج اڈیالہ نہیں جا رہا، میں نے تو یہیں پر حاضری لگا دی ہے، جو سوچتے ہیں کہ شاید نئے سال میں کوئی بہت بڑی تبدیلی آ جائے گی، کوئی تبدیلی نہیں آئے گی، پیپلز پارٹی کی کوئی بات ہی نہیں ہے، ان کی کوئی سن ہی نہیں رہا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ آپ مجھے ایک سوال کا جواب دیں یہ لوگ جیل میں ملاقات نہیں کرا سکتے، آپ 50 روپے دیں ملاقات ہو جاتی ہے، 500 روپیہ دیں تو اندر کرسی پہ بیٹھا کر ملاقات ہوجاتی ہے، جو لوگ جیل میں تین تین ملاقاتوں کی تاریخیں بدل رہے ہیں، کیا وہ مذاکرات کا نتیجہ نکالیں گے، کیا وہ کوئی جوڈیشل کمیشن بنائیں گے، وہ قیدیوں کو رہا کریں گے؟
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں ہردفعہ اپیل کرتا ہوں کہ خدا کے لیے غریبوں کو چھوڑ دو، بہت بے گناہ لوگ ہیں، عوام میں جاری دالیں کھانے کی سکت نہیں رہی تو مرغی کیا کھائیں گے۔