کراچی: شہر قائد کے علاقے سرسید کی پولیس نے نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی ون سے راہ چلتی خواتین سے غیر اخلاقی حرکات میں ملوث اوباش نوجوان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایچ او سرسید افتخار کے مطابق ملزم کی شناخت 20 سالہ گوہر کے نام سے کی گئی جو کہ تھانے کے کچھ فاصلے پر قائم فائزہ اپارٹمنٹ کے قریب راہ چلتی خاتون سے غیر اخلاقی حرکت کرتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہو رہا تھا کہ انھوں ںے شور مچا دیا اور دوران سامنے سے آنے والی پولیس موبائل نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کی چند روز قبل نارتھ کراچی سیکٹر 10 میں بھی گلی سے گزرتی ہوئی ایک خاتون سے غیر اخلاقی حرکت کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں خاتون بری طرح سے سڑک پر گر بھی گئی تھی۔
پولیس نے گرفتار ملزم کا ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کرلیا جس میں وہ وارداتوں کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگ رہا تھا جبکہ وہ نارتھ کراچی میں قائم اقبال پلازہ کا رہائشی ہے۔