اسٹیل ٹاؤن نیشنل ہائی وے پر پولیس اور کار سوار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران زد میں آکر خاتون جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگئی۔
اسٹیل ٹاؤن کے علاقے گلشن حدید نیشنل ہائی وے پر پولیس اور کار سوار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گاڑی کے زد میں آنے سے اس میں سوار خاتون 60 سالہ سارہ ابراہیم کے جاں بحق ہونے اور ان کی بیٹی غنوہ کے زخمی ہونے کے خلاف لواحقین اور علاقہ مکینوں ںے ہفتے کی دوپہر تقریباً ڈھائی بجے ٹی کراسنگ لنک روڈ سسی ٹول پلازہ مین نیشنل ہائی وے پر احتجاج کرتے ہوئے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند کر دیئے۔
20 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے احتجاج نے ٹریفک کا نظام درہم برہم کردیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گاڑی پر گولیاں پولیس کی لگی تھیں لہذا اسٹیل ٹاؤن کے ایس ایچ او سمیت دیگر کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔
واضح رہے کہ اسٹیل ٹاؤن پولیس کی جانب سے واقعہ کا مقدمہ بذریعہ سرکار ہیڈ کانسٹیبل عیدن کی مدعیت میں نامعلوم کار سوار ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے جس میں خاتون کے جاں بحق اور بیٹی کے زخمی ہونے کا ذمہ دار کار سوار ملزمان کو قرار دیا گیا۔
واقعہ کے بعد مقتولہ سارہ کے لواحقین نے جناح اسپتال میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ کار میں سوار خاتون کی ہلاکت اور بیٹی کے زخمی ہونے میں پولیس مبینہ طور پر ملوث ہے اور ان کی وہ گولیوں کا نشانہ بنی ہیں۔
احتجاج کے حوالے سے ایس پی ملیر ڈویژن سعید رند سے بتایا کہ لواحقین بضد ہیں کہ اسٹیل ٹاؤن کے ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کے خلاف واقعہ کا مقدمہ درج کیا جائے تاہم پولیس کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کا عمل جاری ہے۔
اتوار کی صبح تک مزاکرات کے متعدد دور چلے تاہم تاحال کامیابی نہیں ہوئی، ٹریفک پولیس ہیلپ لائن کے مطابق دن ڈھائی بجے سے جاری احتجاج کو اتوار کی صبح 10 بجے تک 20 گھنٹے گزر چکے ہیں ، احتجاج کی وجہ سے نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریک ٹریفک کے لیے بند ہیں۔
احتجاجی مظاہرے کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا جس کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ان میں مال بردار گاڑیاں بھی شامل تھیں۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑیوں و دیگر ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑ دیا گیا ہے، ٹھٹھہ سے آنے والے ٹریفک کو آئی سی آئی مل سے پورٹ قاسم مہران ہائی وے کی جانب گامزن ہی جبکہ کاٹھوڑ سے آنے والی چھوٹی گاڑیوں کو سومار گوٹھ سے میمن گوٹھ کی جانب موڑ دیا گیا۔