کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے مختلف علاقوں سے 4 افراد کے لاپتا ہونے سے متعلق درخواستوں پر محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ و دیگر کو نوٹس جاری کردیئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ہائیکورٹ میں کراچی کے مختلف علاقوں سے 4 افراد کے لاپتا سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ شہریوں کی بازیابی کے لیے شاندام علی، خالی احمد، حکیم احمد اور شبانہ بانو نے درخواستیں دائر کی ہیں۔
درخواستوں میں موقف اپنایا گیا کہ چاروں افراد کو نامعلوم افراد نے حراست میں لیا جو بعد میں لاپتا ہوگئے، گمشده افراد کی جان کو خطرہ ہے فوری بازیابی کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے چاروں افراد کی بازیابی کے لیے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے 4 ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔