17

ڈی ایس پی سی ٹی ڈی وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک

(فوٹو : ایکسپریس)

(فوٹو : ایکسپریس)

  کراچی: کریم آباد شکیل کارپوریشن کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کو وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، نماز جنازہ سینٹرل پولیس آفس میں ادا کی گئی۔

ایکسپریس کے مطابق اتوار کی شب کریم آباد شکیل کارپوریشن کے قریب دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا کی نماز جنازہ سینٹرل پولیس آفس (سی پی او) میں ادا کی گئی۔

نمازجنازہ میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، وزیر بلدیات سندھ سعید غنی، صوبائی وزیر نجمی عالم، آئی جی سندھ غلام نبی میمن، ایڈیشنل آئی جی کراچی، عمران یعقوب منہاس ڈی جی رینجرز، سول سوسائٹی کے نمائندے، پولیس، رینجرز کے افسران و اہلکاروں کی بڑی تعداد سمیت مقتول کے اہلِ خانہ بھی شریک ہوئے۔

نماز جنازہ کے بعد پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید ڈی ایس پی علی رضا کو سلامی دی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے شہید ڈی ایس پی علی رضا کے جسدِ خاکی پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور میت کو کندھا بھی دیا۔ بعد ازاں شہید ڈی ایس پی کی انچولی امام بارگاہ میں نمازجنازہ ادا کی گئی۔

انچولی امام بارگاہ کے باہر صوبائی مشیر نجمی عالم نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن کے لیے پوری قوم کو ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا گا ورنہ اس ہی طرح لوگ مرتے رہیں گے اور اسی ہی طرح دھماکے ہوتے رہیں گے، جو لوگ آپریشن مخالف کر رہے ہیں ہم سب کو متفق ہونا پڑے گا۔

شیعہ عالم مولانا حسن ظفر نقوی نے کہا کہ ایسے شخص کو ٹارگٹ کیا گیا جو مسلسل دہشت گردوں کا مقابلہ کررہا تھا شہر میں روزلاشیں گر رہی ہیں مسئلہ شیعہ سنی کا نہیں جو لوگ مر رہے ہیں وہ انسان ہیں۔

بعد ازاں شہید ڈی ایس پی کے جسد خاکی کو سپر ہائی وے پر واقع وادی حسین قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں