لندن: برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر کے وزیر اعظم کی اہلیہ وکٹوریا اب ملک کی نئی خاتونِ اوّل بن چکی ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق خاتون اوّل وکٹوریا ماضی کے دیگر وزرائے اعظم کی بیگمات کی نسبت نہ تو الیکشن میں اپنے شوہر کے ساتھ زیادہ نظر آئیں اور نہ ہی میڈیا پر متحرک ہیں۔
نومنتخب وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر پہلے ہی بتا چکے ہیں ان کی اہلیہ یعنی ملک کی خاتون اوّل صرف سرکاری تقریبات کے موقع پر میرے ساتھ نظر آیا کریں گی۔
برطانیہ کی خاتونِ اوّل پولینڈ میں پیدا ہوئی تھیں اور والدین کے ہمراہ برطانیہ پہنچی تھیں۔ وہ یہودی النسل ہیں اور اپنے مذہب کے عقائد کی پابندی کرتی ہیں اور تہوار مناتی ہیں۔
خاتونِ اوّل یہود دشمنی کے انسداد کے سلسلے میں بھی کافی سرگرم رہی ہیں اُن کے خاندان کے کئی افراد اسرائیل میں رہتے ہیں۔
وکٹوریا پیشے کے لحاظ سے وکیل ہیں اور شادی کے بعد سے اپنے شوہر کے ساتھ پریکٹس کرتی رہیں تاہم اب وہ صحت کے شعبے میں نیشنل ہیلتھ سروسز ایسوسی ایشن میں کام کرتی ہیں۔
شوہر کے وزیراعظم بننے کے باوجود بھی وکٹوریا نیشنل ہیلتھ سروسز ایسوسی ایشن میں کام کرتی رہیں گی۔
کیئر اسٹارمر اور وکٹوریا پہلی بار ایک کیس کے سلسلے میں ملے تھے اور وہ ملاقات خوشگوار نہیں تھی تاہم بعد میں دونوں دوست بنے اور پھر 2007 میں شادی کی تھی۔