20

گورنرسندھ کا طلبا کیلیے اسکالر شپ پروگرام شروع کرنے کا اعلان

فوٹو: ایکسپریس نیوز

فوٹو: ایکسپریس نیوز

  کراچی: گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ گورنر ہاﺅس سے گورنر انیشیوٹیو کے تحت فری اسکالرشپ پروگرام کا آغاز کیا جارہا ہے  جس کے تحت ہم میرٹ پر بچوں کو بیرون ملک تعلیم کے لیے بھجوائیں گے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاﺅس میں کاﺅنسلنگ کے پہلے سیشن میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ سیدعابدی نے 15 ہزار بچے بچیوں کو اسکالر شپ پر بیرون ملک بھجوایا ہے، ہمیں یہ بات یاد رکھنی ہے کہ ہمیں پاکستان کا نام روشن کرنا ہے۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا ہے کہ میں نے اپنی نامزدگی کے وقت اللہ سے یہی دعا کی تھی کہ اللہ مجھ سے ہر سیکٹر میں کام کروائے،  آج50ہزار نوجوانوں کو آئی ٹی کے مفت کورسز کرائے جارہے ہیں،  یہ نوجوان دوران تربیت ہی 200 سے 400ڈالرز ماہانہ کمارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اچھا بزنس پروپوزل بنانے والے نوجونوں کو قرضہ حسنہ کے طور پر ایک لاکھ سے ایک کروڑ روپے دیے جارہے ہیں ، گورنر ہاﺅس سے اب تک 5لاکھ 80 ہزا ر سے زائد مستحقین میں راشن بیگز تقسیم کیے جاچکے ہیں اور یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ جن کی بائیک چوری ہوتی ہے اور 6 ماہ میں انہیں بائیک نہیں ملتی تو وہ ایف آئی آر دے کر ہم سے بائیک حاصل کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امید کی گھنٹی پر سائلین اپنے مسائل بتاتے ہیں انہیں فوراً حل کیا جارہا ہے جس سے لوگوں میں اعتماد بڑھا  ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان سارے کاموں میں حکومت سندھ یا گورنر ہاﺅس کا ایک روپیہ بھی نہیں لگا، یہ سارے کام مخیر دوستوں کے تعاون سے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک نوجوانوں کی نوکری کے لیے پورٹل بنادیا ہے جہاں پر نوجوان اپنی تعلیم کے کوائف جمع کرارہے ہیں اب انہیں مختلف ممالک کی زبانیں بھی سکھائی جائیں گی تاکہ وہ بیرون ملک نوکری حاصل کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلا تفریق کام کررہے ہیں، اس وقت پاکستان کو معاشی چیلنجز درپیش ہیں، ہر ایک نے اپنے اپنے حصہ کا کام کرنا ہوگا تبھی ہم ان معاشی چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آج کی معاشی صورتحال بہت کمزور ہے آج ہمیں بہت سے مسائل کا سامنا ہے، یہاں سے اگر آپ بھی فری آئی ٹی کورس کرنا چاہتے ہیں ہم آپ کے ساتھ ہیں، اگرآپ کو پڑھنے کے لیے بیرون ملک جانا ہے ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

گورنرسندھ نے کہا کہ عابدی صاحب اب آپ ان سب بچوں کو باہر تعلیمی اداروں میں بھجوائیں گے ،ہر وہ کام جس میں سہولت فراہم کرسکتے ہیں وہ ہم کریں گے،ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے فرقوں اور قوموں میں بٹ کر صرف نقصان اٹھایا ہے،پہلے ہم ووٹ دیتے ہیں پھر سیاسی جماعتوں پر تنقید کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس گورنر ہاﺅس کا 22 لاکھ لوگ آکر دورہ کرچکے ہیں ،آج یہ گورنر ہاﺅس 24 گھنٹے عوام کے لیے کھلا ہوا ہے،ہم نے ایوان اور عوام کے درمیان جو گورنر ہاؤس کی دیوارتھی اسے گرا کر اس کی جگہ آئی ٹی گیٹ بنا دیا ہے۔

ایک سوا ل کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ ایس آئی ایف سی کے تحت پاکستان میں ترقی و خوشحالی آئے گی،اس منصوبے کے تحت جاری تمام منصوبے پاکستان کے لیے انتہائی نا گزیر ہیں۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں بچوں کے مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا،یہی وقت کی اہم ترین ضرورت بھی ہے، اب کچھ نہ کرنے کا کلچر ختم کرنا ہوگا عابدی جیسے لوگوں کو آگے آنا ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہا کہ میرا کام ہے خدمت کرنا اور میں اپنے ہم وطنوں کے لیے یہ کام کرتارہوں گا۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں