بھارتی کرکٹ بورڈ( بی سی سی آئی) نے سابق اوپنر گوتم گمبھیر کو انڈین ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
ٹی20 ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کے ہیڈکوچ راہول ڈریوڈ کا بحیثیت کوچ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ سفر ختم ہوگیا تھا اور انہوں نے عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ نے انڈین پریمئیر لیگ(آئی پی ایل) میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو چیمپئین بنوانے والے گوتم گمبھیر کو ہیڈ کوچ تعینات کرنے کا اعلان کیا۔
مزید پڑھیں: ویرات کوہلی پر مقدمہ؛ نئی مصیبت میں پھنس گئے
انہوں نے کہا کہ گوتم گمبھیر کو بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر خوش آمدید کہتا ہوں، میں پر اعتماد ہوں انکی سربراہی میں بھارتی ٹیم نئے مراحل طے کرگی۔
گمبھیر بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے کتنی تنخواہ لیں گے؟
گوتم گمبھیر کے معاوضے سے متعلق بورڈ اور کرکٹر کے درمیان بات چیت جاری تھی تاہم انڈین ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ بی سی سی آئی سے سالانہ 10 سے 12 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کریں گے۔
مزید پڑھیں: گھمبیر کو بھارتی ٹیم کی کوچنگ کیلئے کتنی رقم ملے گی؟ بات چیت جاری
بی سی سی آئی نے کوچ کی تلاش کے اشتہار میں یہ واضح کیا تھا کہ نئے کوچ کا معاوضہ ان کے تجربے کی بنیاد پر ہوگا۔
بورڈ کی جانب سے تاحال گوتم گمبھیر کے معاوضے سے متعلق کوئی بات شیئر نہیں کی تاہم میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ وہ ماہانہ 1 کروڑ بھارتی روپے جبکہ سالانہ 10 سے 12 کروڑ لیں گے۔