لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق سلیکٹر اور سابق سینئر مینیجر وہاب ریاض نے عہدے سے برطرف کیے جانے پر سوشل میڈیا پر اپنا تفصیلی موقف جاری کر دیا۔
سابق فاسٹ بولر وہاب ریاض نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے گیم کے لیے مخلص ہو کر کام کیا اور اپنا 100 فیصد دیا، سلیکشن کمیٹی کا حصہ رہنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ ہم نے بطور ٹیم فیصلے کیے، اپنے کردار پر فخر ہے، سلیکشن کمیٹی میں سب کے ووٹ کا ایک جتنا وزن ہے۔
مزید پڑھیں: سلیکشن سے فارغ وہاب سے سینئیر ٹیم مینجر کی ذمہ داریاں بھی چھین لی گئیں
انکا مزید کہنا تھا کہ امید ہے ٹیم کوچز کے پلان میں آگے بڑھے گی، گیری کرسٹن کے ساتھ کام کر کے بھی اچھا لگا۔
یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر سلیکٹر وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے فارغ کردیا گیا تھا جبکہ وہاب ریاض سے سینئر ٹیم منیجر کی ذمہ داریاں بھی واپس لے لی گئی تھیں۔
وہاب ریاض نے بدھ کو سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کے اوپر دباؤ ڈالنے جیسے بیان سے اتفاق نہیں کرتا، 1 ووٹ 6 پر کیسے حاوی ہوسکتا ہے؟ میٹنگ منٹس میں سب کچھ ریکارڈ پر موجود ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ٹی20 ورلڈکپ 2024 کی شکست پر مجھے قربانی کا بکرا بنانے کی اجازت نہیں دوں گا۔سلیکشن کمیٹی سے فارغ کرنے اور سینئیر مینیجر کے عہدے سے سبکدوش کیے جانے پر آج شام اپنا بیان جاری کروں گا۔
قبل ازیں بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ قومی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر سلیکٹر وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو عہدے سے فارغ کردیا گیا ہے، اب دونوں سابق کرکٹرز آئندہ سلیکشن معاملات میں شامل نہیں ہوں گے۔
عبدالرزاق اور وہاب ریاض کی جگہ نئے سلیکٹرز کا انتخاب کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ سابق کرکٹرز کی جانب سے ٹیم سلیکشن پر تنقید کے بعد کیا گیا ہے۔