کراچی: پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے کارروائی کرکے ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کی منشیات برآمد کرلی اور ملزمان کے زیراستعمال کروڑوں مالیت کی بسیں بھی ضبط کرلیں۔
ڈپٹی کلکٹر کسٹمز رضا نقوی نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی موصولہ خفیہ اطلاع پر کارروائی میں مہنگی منشیات کی بڑی مقدار برآمد کرلی گئی ہے، دو مختلف کاروائیوں میں 9کلوگرام قیمتی منشیات برآمد کی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ منشیات بلوچستان سے مسافر بسوں کے ذریعے کراچی منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، دونوں کاروائیوں میں برآمد ہونے والی منشیات کی مجموعی مالیت ایک کروڑ 62 لاکھ روپے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں کاروائیوں میں استعمال ہونے والی 5کروڑ روپے مالیت کی مسافر بسیں بھی ضبط کرلی گئی ہیں۔
ڈپٹی کلکٹر کسٹم نے بتایا کہ موچکو چیک پوسٹ پر پہلی کارروائی میں بس سے 3.6کلو اور دوسری کارروائی میں دوسری مسافر بس سے 5.4کلو چرس برآمد ہوئی،؎
رضا نقوی نے بتایا کہ مقدمات درج کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ضبط شدہ منشیات اور بسیں کسٹمز گودام منتقل کردی گئی ہیں۔