ممبئی: بالی وڈ اسٹار اداکار عمران ہاشمی نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ امیشا پٹیل نے فلم میں ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔
ایک تازہ انٹرویو میں اداکار نے ان دنوں کی باتیں شیئر کی ہیں جب وہ انڈسٹری میں اپنا مقام بنانے کیلئے جدوجہد کررہے تھے۔
عمران ہاشمی نے انکشاف کیا کہ ان بالی وڈ ڈیبیو اداکارہ امیشا پٹیل کے ساتھ رومینٹک فلم ’یہ زندگی کا سفر‘ سے ہونا تھا لیکن اداکارہ نے ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا۔
اداکار کے مطابق امیشا پٹیل چاہتی تھیں کہ وہ کسی تجربہ کار اداکار کے ساتھ فلم میں کام کریں اور وہ کسی نئے اداکار کے ساتھ فلم نہیں کرنا چاہتی تھیں کیوں کہ ان کی نئی فلم ’کہو نا پیار ہے‘ بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : عمران ہاشمی کا ایشوریہ رائے کو ’پلاسٹک‘ کہنے پر معذرت سے انکار
عمران ہاشمی کے مطابق امیشا پٹیل کے انکار پر انہیں بہت غصہ آیا تھا لیکن اب جب وہ ماضی کو دیکھتے ہیں تو انہیں امیشا پٹیل کا نکتہ نظر درست نظر آتا ہے۔
یاد رہے کہ فلم ’یہ زندگی کا سفر‘ میں امیشا پٹیل اور جمی شیرگل نے مرکزی کردار کیے اور فلم 2001 کو ریلیز کی گئی۔