ممبئی: دنیا کے ارب پتی افراد میں شمار ہونے والے معروف بھارتی صنعتکار مکیش امبانی اپنی بہو رادھیکا مرچنٹ کی رخصتی پر خود بھی رو دیے۔
بھارت کے نامور صنعت کار کے چھوٹے صاحبزادے اننت امبانی کی شادی کی تقریبات کا آغاز تین مارچ سے ہوا اور اس دوران مختلف پروگرامز ہوئے جس میں دنیا بھر کے شوبز اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریبات کئی ماہ تک جاری رہیں اور وہ شادی کے بندھن میں بندھے۔ بارات کی تقریب میں سلمان خان، شاہ رخ خان دیگر شوبز ستاروں، معروف ریسلر جان سینا، سام سنگ کمپنی کے مالک، سابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اننت امبانی کی دلہن رادھیکا مرچنٹ رخصتی کے وقت جب اپنے والدین اور گھر والوں سے ملاقات کررہی تھیں تو اُس وقت جذباتی مناظر تھے جبکہ حیران کن طور پر مکیش امبانی کی آنکھوں میں بھی آنسو دیکھے گئے۔
انٹرنیٹ پر اس حوالے سے ویڈیوز بھی سامنے آئیں جس میں مکیش امبانی کو اپنی بہو رادھیکا مرچنٹ کی رخصتی سے قبل والدین سے ملاقات کے وقت اشکبار دیکھا گیا ہے۔
رخصتی کے وقت رادھیکا بھی بے اختیار روئیں تو انہیں آگے بڑھ کر اننت امبانی نے تسلی دی مگر مکیش امبانی کے جذبات نے سب کے دل جیت لیے۔