ممبئی: چھاتی کے کینسر کی شکار بھارتی ٹیلی وژن انڈسٹری کی معروف اداکارہ حنا خان نے کہا ہے کہ وہ ظاہر نہیں کرتیں لیکن وہ مسلسل درد میں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چھاتی کے کینسر کے تیسرے درجے سے لڑنے والی حنا خان نے حال ہی میں انسٹاگرام پر اپنی نئی ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اُنہوں نے بتایا تھا کہ کیموتھراپی کے بعد، اُنہوں نے اپنے نئے پراجیکٹس کی شوٹنگ کا آغاز کردیا ہے۔
حنا خان کی شوٹنگ کی ویڈیو پر جہاں اُن کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں نے اداکارہ کی ہمت کی داد دی تو وہیں کچھ صارفین ایسے بھی تھے جنہوں نے بھارتی اداکارہ کو ٹرول بھی کیا۔
مزید پڑھیں: کینسر کی تشخیص کی خبر ملنے پر حنا خان کی والدہ کا ردعمل کیا تھا؟
اب حنا خان نے صارفین کی ٹرولنگ پر ردعمل دینے کے لیے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں پیغام جاری کیا، اداکارہ نے کہا کہ مسلسل درد میں رہنا، ہاں مسلسل، میرا ہر سیکنڈ درد میں گزرتا ہے لیکن اس کے باوجود، میں مسکرا رہی ہوں۔
حنا خان نے مزید کہا کہ اگر میں ظاہر نہیں کرتی تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں تکلیف میں نہیں، میں اپنا درد ظاہر نہیں کرتی اور یہی کہتی ہوں کہ میں ٹھیک ہوں۔
واضح رہے کہ حنا خان نے 28 جون کو اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا تھا کہ وہ چھاتی کے کینسر کا شکار ہوگئی ہیں۔
حنا خان کا علاج شروع ہوچکا ہے اور اُنہوں نے علاج کے پہلے مرحلے میں اپنے خوبصورت بال کٹوا دیے ہیں۔