ممبئی: بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کی اہلیہ و بالی ووڈ اداکارہ نتاشا سٹینکوویچ نے طلاق کی خبروں کے درمیان بیٹے کے ہمراہ بھارت چھوڑ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ نتاشا اسٹینکوویچ کو اُن کے بیٹے اگستیا کے ہمراہ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا جس کے بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اداکارہ اپنے بیٹے کو لیکر اپنے آبائی وطن سربیا چلی گئی ہیں۔
اس سے قبل نتاشا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں دو تصاویر بھی شیئر کی تھیں جن میں سے ایک تصویر میں وہ سوٹ کیس میں سامان رکھ رہی تھیں جبکہ دوسری تصویر میں اداکارہ گاڑی میں بیٹھی تھیں۔
نتاشا کی جانب سے بھارت چھوڑ کر جانے کے بعد، اُن کی اور ہاردک پانڈیا کی طلاق کی خبروں نے ایک بار پھر زور پکڑ لیا ہے۔
مزید پڑھیں: نتاشا اور پانڈیا کے رشتے میں اختلاف کی وجہ کون؟ دوست کا اہم انکشاف
واضح رہے کہ رواں سال مئی سے پانڈیا اور نتاشا کی علیحدگی کی خبریں گردش کررہی ہیں، ان خبروں نے اُس وقت جنم لیا تھا جب مداحوں نے دیکھا کہ نتاشا نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل سے پانڈیا کا نام ہٹا دیا ہے۔
اس سے قبل انسٹاگرام پر نتاشا اپنا نام نتاشا اسٹینکووچ پانڈیا لکھتی تھیں، صرف یہی نہیں اداکارہ نے اپنے ہینڈل سے پانڈیا اور اپنی چند تصاویر بھی ڈیلیٹ کردی تھیں۔
مزید پڑھیں: ہاردک پانڈیا سے طلاق کی خبر پر اداکارہ نتاشا نے کیا کہا؟ ویڈیو وائرل
رواں سال مئی میں ہی بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ نتاشا اور کرکٹر ہاردک پانڈیا کے درمیان طلاق ہوچکی ہے لیکن دونوں کی جانب سے خبر کی تردید یا تصدیق نہیں کی گئی تھی۔
یاد رہے کہ ہاردک پانڈیا نے مئی 2020 میں ممبئی کی ایک عدالت میں اداکارہ نتاشا سے شادی کی تھی اور گزشتہ سال فروری میں پانڈیا نے دوبارہ نتاشا سے شادی کی تھی، اس جوڑی کا ایک بیٹا بھی ہے۔