17

اسلام آباد دھرنے سے یکجہتی، کراچی میں 20 مقامات پر احتجاجی کیمپس قائم

فوٹو: سوشل میڈیا

فوٹو: سوشل میڈیا

  کراچی: جماعت اسلامی کے اسلام آباد میں جاری احتجاجی دھرنے سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ کو کراچی میں 20 مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے گئے۔

جماعت اسلامی کی جانب سے پاور ہاؤس چورنگی نارتھ کراچی، سعود آبا د چورنگی ملیر، فرنیر موڑ، لانڈھی نمبر 6، شمع شاپنگ مال شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاؤن 5 نمبر، پٹھان کالونی، شیر شاہ، کورنگی نمبر 4، کورنگی نمبر2، اللہ والا ٹاؤن کورنگی، شیر پاؤ کالونی، رفاع عام سوسائٹی، گلستان  جوہر، اسکیم 33 سمیت دیگر مقامات پر احتجاجی کیمپ لگائے گئے ہیں۔

احتجاجی کیمپوں پر بڑی اسکرین کے ذریعے اسلام آباد دھرنے کی کارروائی براہ راست دکھائی جارہی ہے، جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈووکیٹ، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے حسن اسکوائر اور طارق روڈ پر کیمپوں کا دورہ کیا اور شرکاء سے خطاب کیا۔

سیف الدین ایڈووکیٹ اور توفیق الدین صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حق اور مسائل کے حل کے لیے نکلی ہے، ہمارے مطالبات پوری قوم کے دل کی آواز ہیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن کی زیر قیادت مری روڈ پر دھرنا مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تمام تر رکاوٹوں، پولیس تشدد، سیکڑوں کارکنوں و رہنماؤں کی گرفتاریوں، دفاتر اور گھروں پر چھاپوں کے باوجود ہزاروں افراد مری روڈ پر جمع ہیں، حافظ نعیم الرحمن نے کال دی تو کراچی سے مزید قافلے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں