11

والد کی موت پر بالکل نہیں رویا، رنبیر کپور کا انکشاف

رشی کپور 30 اپریل 2020 کو 67 سال کی عمر میں چل بسے تھے : فوٹو : فائل

رشی کپور 30 اپریل 2020 کو 67 سال کی عمر میں چل بسے تھے : فوٹو : فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے والد اور آنجہانی اداکار رشی کپور کی موت پر نہیں روئے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رنبیر کپور نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں اپنے والد رشی کپور کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں گفتگو کی اور اپنی زندگی کی سب سے بڑی خواہش بھی بتائی۔

رنبیر کپور نے کہا کہ میرا اپنے  والد کے ساتھ عزت اور احترام کا رشتہ تھا، میں اُن کے اتنا قریب نہیں تھا اور نہ ہی اُن سے زیادہ بات چیت کرتا تھا جبکہ اپنی ہر بات والدہ سے کرتا تھا کیونکہ والدہ کے ساتھ بچپن سے ہی گہرا تعلق ہے۔

اداکار نے کہا کہ مجھے اس بات پر ہمیشہ افسوس رہے گا کہ میں نے والد کے ساتھ زیادہ وقت نہیں گزارا، ہمیشہ اُن سے دور دور رہا لیکن جب اُنہیں موت سے ایک سال قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تو ہم نے کینسر کے علاج کے دوران ایک ساتھ وقت گزارا جو مجھے ہمیشہ یاد رہے گا۔

اُنہوں نے کہا کہ مجھے یاد ہے کہ ایک دن میرے والد میرے کمرے میں آئے اور رونے لگے، میرے لیے اُن کا رونا بہت عجیب تھا کیونکہ مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ میں اُنہیں کیسے گلے لگاؤں یا اُنہیں کیسے چُپ کرواؤں، اُس وقت مجھے ہم دونوں کے درمیان گہرے فاصلے کا احساس ہوا تھا۔

رنبیر کپور نے رشی کپور کی موت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں نے چھوٹی عُمر میں ہی رونا چھوڑ دیا تھا، میں اپنے والد کی موت پر بھی نہیں رویا تھا، میں صدمے میں تھا لیکن میری آنکھوں سے آنسووں نہیں نکلے۔

مزید پڑھیں: موت کے بعد رشی کپور کی اپنی پوتی ‘راحہ’ کیساتھ تصویر وائرل

اداکار نے کہا کہ اسپتال میں میرے والد کی آخری رات تھی اور مجھے معلوم تھا کہ وہ کسی بھی وقت دُنیا سے چلے جائیں گے، میں اُن کے پاس گیا تو مجھے گھبراہٹ کا دورہ (Panic Attack) پڑا، میں نہیں جانتا تھا کہ میں کیسے اپنے جذبات اور احساسات کا اظہار کروں۔

اُنہوں نے کہا کہ اُس وقت کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا، صرف اتنا معلوم تھا کہ والدین میں سے کسی ایک کو کھونا بہت بڑا نقصان ہوتا ہے۔

رنبیر کپور نے اپنی خواہش کے بارے میں کہا کہ میری زندگی کی سب سے بڑی خواہش یہی ہے کہ میرے والد واپس آجائیں، میں اُن کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنا چاہتا ہوں اور اُن سے بہت ساری باتیں بھی کرنی ہیں۔

واضح رہے کہ آنجہانی اداکار رشی کپور 30 اپریل 2020 کو 67 سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض کا شکار ہوکر چل بسے تھے۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں