کراچی: شہر قائد کے علاقے لیاری آدم ٹی اسٹاپ پر چاکیواڑہ پولیس اور ملزمان کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلے میں ایک زخمی سمیت 2 اسٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ پولیس نے پیر اور منگل کی درمیانی شب لیاری آدم ٹی اسٹاپ سارہ پیٹرول پمپ کے قریب سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان ایس ایس پی سٹی کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت 30 سالہ مزمل ولد قاسم کے نام سے کی گئی جبکہ دوسرے گرفتار ملزم نے اپنے نام شاہد عرف شاہو بتایا ، گرفتار ملزمان سے 2 پستول بمعہ گولیاں ، موبائل فون اور نقدی برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان کا تعلق لیاری گینگ وار گروپ سے ہے۔
ملزمان اسٹریٹ کرائم ، چھینا جھپٹی ، چوری اور بھتہ خواری سمیت دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں اور اس سے قبل بھی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم مزمل لیاری کے علاقے بغدادی یوسف ہارون روڈ کا رہائشی ہے جسے پولیس نے اتوار کی شام کو اس کے گھر سے حراست میں لے کر اس کے گھر سے ایک پستول بھی برآمد کی تھی جبکہ دوسرا گرفتار ملزم شاہد لیاری شاہ بیگ لائن ہارونیہ مسجد روڈ کا رہائشی اور لیاری گینگ وار عزیر بلوچ گروپ عمر لائن اور سنگو لائن کے کمانڈر عبد الجبار عرف جبار لنگڑا ( مرحوم ) کا بیٹا ہے۔
ملزم شاہد کو بھی چاکیواڑہ پولیس نے اتوار کو اس کے گھر سے حراست میں لیا تھا اور اس کے گھر سے بھی ایک پستول برآمد کیا تھا ، ذرائع نے بتایا کہ گرفتار ملزم شاہد کے چھوٹے بھائی شاہ زیب جس کی عمر تقریباً 14 برس ہے اس نے موٹرسائیکل لفٹر کا ایک گینگ بنایا ہوا تھا جس میں تقریبا 6 سے 7 اس کے ہم عمر لڑکے ہیں اس گینگ کو گزشتہ ہفتے میٹھادر پولیس نے حراست میں لیا تھا جن میں سے دو کی گرفتاری فوری ظاہر کی دی گئی تھی اور انہیں عدالت نے جیل بھیج دیا۔
جبکہ شاہ زیب سمیت دیگر 4 نوعمر ملزمان باضابطہ گرفتاری پیر کو ڈالی گئی ہے جبکہ ملزم شاہ زیب کے قبضے سے پریڈی تھانے کی حدود سے چوری کی گئی ایک موٹرسائیکل بھی برآمد کی گئی ہے ۔