ممبئی: بالی ووڈ کے سُپر اسٹار اکشے کمار کی نئی آنے والی فلم ‘کھیل کھیل میں’ کا نام پاکستانی فلم سے چوری کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ان دنوں اکشے کمار اپنی نئی آنے والی فلم ‘کھیل کھیل میں’ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں، اس فلم کے ذریعے اکشے کمار اور فردین خان 17 سال بعد ایک ساتھ اسکرین پر واپسی کررہے ہیں، اس سے قبل یہ دونوں اسٹارز فلم ‘ہے بےبی’ میں ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔
فلم ‘کھیل کھیل میں’ کی کاسٹ میں اکشے کمار اور فردین خان کے علاوہ تاپسی پنو، وانی کپور، پرگیہ جیسوال، ایمی ورک اور آدتیہ سیل شامل ہیں جبکہ گزشتہ روز ہی فلم کا ٹریلر ریلیز ہوا تھا جسے مداحوں کی جانب سے بہت پسند کیا گیا۔
مدثر عزیز کی ہدایتکاری میں بننے والی یہ فلم رواں ماہ 15 اگست کو ریلیز کی جائے گی، اس فلم کے جہاں بھارت میں خوب چرچے ہورہے ہیں تو وہیں پاکستانی مداحوں نے اکشے کمار کی فلم سے متعلق بڑی چوری پکڑ لی ہے۔
مزید پڑھیں: بالی وڈ کی اسٹار کاسٹ پر مشتمل نئی کامیڈی فلم ’کھیل کھیل میں‘ کا ٹریلر جاری
پاکستانی مداحوں کا کہنا ہے کہ اکشے کمار کی نئی آنے والی فلم کا نام پاکستانی فلم سے چوری کیا گیا ہے، دراصل ‘کھیل کھیل میں’ کے نام سے سال 2021 پاکستانی فلم ریلیز ہوئی تھی۔
پاکستانی فلم ‘کھیل کھیل میں’ میں اداکارہ سجل علی اور اداکار بلال عباس نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، فلم کا اسکرین پلے فضا علی مرزا اور نبیل قریشی نے لکھا تھا جبکہ فلم کی کہانی تاریخ پر مبنی تھی۔