ممبئی: بالی ووڈ کے مشہور ڈائریکٹر راجیو رائے، جو 80 اور 90 کی دہائیوں میں بلاک بسٹر فلموں کے لیے مشہور تھے، ایک نئے تھرلر کے ساتھ فلمی دنیا میں واپسی کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹری دیو، وشواتما، مہرہ، اور گپت جیسی ہٹ فلموں کے ہدایتکار راجیو رائے اب ’زورا‘ کے ساتھ دوبارہ بڑے پردے پر آنے والے ہیں۔
فلم کا موضوع ایک تیز رفتار قتل کی معمہ ہے، جسے اس سال کے آخر میں ریلیز کیا جائے گا۔
راجیو رائے نے اپنے ایک بیان میں کہا، “ہاں، میں واپس آ گیا ہوں۔ میں نے اپنی نئی فلم ’زورا‘ کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے، اور یہ اب پوسٹ پروڈکشن کے آخری مراحل میں ہے۔ اس بار، میری فلم میں بڑے نام یا ستارے شامل نہیں ہیں بلکہ شمالی ہند کے علاقے سے تقریباً 40 نئے چہروں کو موقع دیا گیا ہے۔”
اس بار راجیو رائے نے ایک مختلف انداز اپنایا ہے۔ ان کی فلم میں کوئی بڑی موسیقی یا ہٹ گانے شامل نہیں ہیں، صرف ایک گانا ہے جو ویجو شاہ نے کمپوز کیا ہے۔ فلم کا بنیادی زور ایک مضبوط کہانی اور دلچسپ پس منظر موسیقی پر ہوگا۔
راجیو رائے کو امید ہے کہ ان کی فلم ’زورا‘ ناظرین کو پسند آئے گی، خاص طور پر وہ ناظرین جو سنگل سکرین سینما میں فلمیں دیکھنا پسند کرتے ہیں۔