ممبئی: بالی وڈ کی ہارر کامیڈی فلم ’استری 2‘ کی باکس آفس پر تاریخی کامیابی کے بعد مداحوں میں فلم کی اگلی قسط ’استری 3‘ کا شدت سے انتظار کیا جا رہا ہے اور اس کی وجہ اداکارہ شردھا کپور کا وہ بیان ہے جس میں انہوں نے اپنے کردار کے نام کا انکشاف اگلی فلم میں کرنے کا وعدہ کیا۔
شردھا کپور اور راجکمار راؤ کی واپسی کو شائقین نے بہت سراہا اور فلم کی دلچسپ کہانی اور بہترین اداکاری نے باکس آفس پر ریکارڈ توڑ بزنس کیا۔
شردھا کپور کی ایک حالیہ انسٹاگرام پوسٹ میں انہوں نے فلم کے پردے کے پیچھے کی تصاویر شیئر کیں۔
ایک مداح کے سوال پر کہ ان کے کردار کا نام کیا تھا، شردھا کپور نے جواب دیا کہ وہ یہ راز ’استری 3‘ میں ظاہر کریں گی۔
ہدایتکار امر کوشک نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ استری 3 بنائی جائے گی لیکن اسے بننے میں کم از کم تین سال لگیں گے۔