ممبئی: ماضی کی سُپر ہٹ رومانوی فلم ‘ویر زارا’ 20 سال بعد دوبارہ ریلیز ہونے کے بعد باکس آفس پر 100 کروڑ سے زیادہ کی کمائی کرچکی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلمساز یش چوپڑا کی بلاک بسٹر فلم ‘ویر زارا’ کو رواں ماہ 13 ستمبر کو ایک بار پھر سینما گھروں میں ریلیز کیا گیا تھا، اس ری-ریلیز میں فلم نے باکس آفس پر میدان مارتے ہوئے بڑا اعزاز اپنے نام کیا۔
ٹریڈ اینالسٹ ترن آدرش کے مطابق ویر زارا نے 13 ستمبر کو 20 لاکھ، ہفتہ کو 32 لاکھ، اتوار کو 38 لاکھ، پیر کو 20 لاکھ، منگل کو 18 لاکھ، بدھ کو 15 لاکھ اور جمعرات کو 14 لاکھ بھارتی روپے کی کمائی کی۔
اس طرح فلم ‘ویرا زارا’ کا دوبارہ ریلیز کے بعد مجموعی ڈومیسٹک بزنس 1.57 کروڑ رہا جبکہ فلم نے انٹرنیشنل سینما گھروں سے 0.23 کروڑ بھارتی روپے کمائے، اس طرح فلم نے دوبارہ ریلیز سے مجموعی طور پر کل 1.80 کروڑ کا بزنس کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ شاہ رخ خان اور پریتی زنٹا کی فلم ‘ویرا زارا’ کو رواں سال کے شروع میں فروری میں بھی دوبارہ ریلیز کیا گیا تھا جس پر فلم نے 0.30 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔
فلم نے اپنی ابتدائی ریلیز کے دوران بھارت سمیت دُنیا بھر سے مجموعی طور پر 98 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ‘ویر زارا’ نے سال 2005 سے لیکر 2023 تک کے دوران 2.50 کروڑ بھی کمائے، اس طرح اگر فلم کی اب تک کی تمام کمائی کو اکٹھا کیا جائے تو اس فلم نے دُنیا بھر کے باکس آفس سے 102.60 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم ‘ویر زارا’ کی کاسٹ میں شاہ رخ خان، پریتی زنٹا، رانی مکھرجی، امیتابھ بچن، ہیما مالنی، منوج باجپائی، بومن ایرانی، کرون کھیر، دیویا دتہ اور انوپم کھیر شامل تھے۔