21

انڈسٹری میں مجھے بار بار بال کٹوانے کا بولا جاتا ہے، نعیمہ بٹ

 ڈرامے میں نعیمہ بٹ کی شاندار اداکاری کو بہت پسند کیا جارہا ہے : فوٹو : فائل

ڈرامے میں نعیمہ بٹ کی شاندار اداکاری کو بہت پسند کیا جارہا ہے : فوٹو : فائل

  کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی اداکارہ نعیمہ بٹ نے انکشاف کیا ہے کہ انڈسٹری میں اُن پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ اپنے بال کٹوائیں۔

حال ہی میں نعیمہ بٹ نے اپنے ساتھی اداکار عماد عرفانی کے ہمراہ برطانوی نشریاتی ادارے کو خصوصی انٹرویو دیا جہاں دونوں فنکاروں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔

نعیمہ بٹ نے اپنے لمبے اور خوبصورت بالوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شوبز انڈسٹری میں میرے بالوں کی وجہ سے ہمیشہ مسئلہ رہا ہے۔

اداکارہ نے کہا کہ کئی بار مجھ پر زور دیا گیا کہ میں اپنے بال کٹوا دوں کیونکہ لمبے بالوں کی وجہ سے اسٹائلنگ کا مسئلہ ہوتا ہے اور مجھے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اگر میں اپنے بال چھوٹے کروا دوں گی تو ماڈرن لگوں گی۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے کبھی کسی کی بات نہیں مانی اور اپنے لمبے بالوں کے فیصلے پر ڈٹی رہی کیونکہ مجھے اپنے بالوں سے بہت پیار ہے اور یہ میرے لیے بہت ہی خاص ہیں۔

نعیمہ بٹ نے مزید کہا کہ پہلے میرے بال گھٹنے تک لمبے تھے لیکن پھر میں نے دل پر پتھر رکھ کر تھوڑے سے بال کٹوائے تھے لیکن اب دوبارہ بال نہیں کٹواؤں گی۔

واضح رہے کہ ان دنوں نعیمہ بٹ مقبول ڈرامہ سیریل ‘کبھی میں کبھی تُم’ میں رباب نامی امیر زادی کا منفی کردار ادا کررہی ہیں، فلم کی دیگر کاسٹ میں ہانیہ عامر، فہد مصطفیٰ، عماد عرفانی، بشریٰ انصاری، جاوید شیخ اور مایا خان شامل ہیں۔

اس ڈرامے میں جہاں نعیمہ بٹ کی شاندار اداکاری کو بہت پسند کیا جارہا ہے تو وہیں دوسری طرف اداکارہ کے خوبصورت اور لمبے بال بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں