50

چیمپئنز ون ڈے کپ: شاداب خان کی پینتھرز فائنل میں پہنچ گئی

فیصل آباد: چیمپئنز ون ڈے کپ کے کوالیفائر میچ میں پینتھرز نے مارخورز کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے کوالیفائر میچ میں پینتھرز نے مارخورز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

شاداب خان کی قیادت میں پینتھرز نے 138 رنز کا ہدف 23.4 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

پینتھرز کے عثمان خان نے 26 گیندوں پر 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے شاندار ناقابل شکست 54 رنز بنا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

عمر صدیق 35، صائم ایوب 33 اور اذان اویس 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ رضوان محمود 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل مارخورز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، پینتھرز نے محمد حسنین اور صائم ایوب کی شاندار بولنگ کی بدولت مارخورز کو 36 اوورز میں 137 رنز پر آؤٹ کردیا۔

مارخورز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے شروع سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

حسیب اللہ خان صرف تین رنز بنا کر دوسرے اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے، اس ابتدائی نقصان کے کچھ ہی دیر بعد کامران غلام بھی صرف ایک رن بنا کر حسنین کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

دس رنز کے مجموعی اسکور پر مارخورز کی تیسری وکٹ گری جب کپتان محمد رضوان صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ 25 رنز کے مجموعی اسکور پر فخر زمان بھی صرف 11 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سلمان آغا نے 52 رنز بناکر اننگز کو مستحکم کیا جبکہ افتخار احمد 39 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ عبدالصمد 2، نسیم شاہ 14، زاہد محمود 5 رنز اور شاہنواز دھانی صفر پر پویلین لوٹے، عاکف جاوید صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

پینتھرز کی طرف سے صائم ایوب نے پانچ جبکہ حسنین نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

ٹورنامنٹ کا ایلیمنیٹر ون بدھ کو اسٹالینز اور لائنز کے مابین کھیلا جائے گا جبکہ جمعہ کو ایلیمنیٹر ٹو میں ایلمنیٹر ون کی فاتح ٹیم کا مارخورز سے مقابلہ ہوگا۔

فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا جس میں ایلمنیٹر ٹو کی فاتح ٹیم پینتھرز کے مدمقابل آئے گی۔

 





Source link

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں