ممبئی: بھارت کے مقبول ریئلیٹی شو ’بگ باس‘ او ٹی ٹی سیزن 3 میں شریک امیدوار اور سوشل میڈیا اسٹار عدنان شیخ کی بہن نے اپنی بھابھی کی تصاویر لیک کردیں۔
ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کے ذریعے سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والے بھارتی انفلوئنسر عدنان شیخ نے حال ہی میں اپنی دیرینہ دوست سے شادی کی ہے جس کا نام عائشہ شیخ ہے۔
عدنان اور عائشہ کی شادی کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شادی کے ہر ایونٹ میں دلہن (عائشہ) نے اپنا چہرہ ماسک سے چُھپا رکھا تھا۔
عائشہ نے میڈیا کے سامنے اپنا چہرہ ظاہر نہیں کیا جس کی وجہ سے عدنان شیخ کے مداح بھی اُن کی اہلیہ کا چہرہ دیکھنے کے لیے بےقرار تھے۔
اسی دوران، عدنان شیخ کی ناراض بہن عفت شیخ نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں اپنی بھابھی عائشہ کی تصاویر لیک کردیں اور دعویٰ کیا کہ اُن کی بھابھی ہندو تھیں لیکن اب اسلام قبول کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق عفت شیخ نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ میرے بھائی عدنان نے اپنی زندگی میں ایک ہی بہترین کام کیا ہے اور وہ ہندو لڑکی کو مسلمان کرنا ہے، میری بھابھی کا نام ردھی یادیو تھا لیکن اب اسلام قبول کرنے کے بعد اُن کا نام عائشہ شیخ ہے۔
عفت شیخ نے اپنے بھائی پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے والدین سے ملنے کے لیے اسپتال گئی تھی جہاں میرے بھائی نے مجھے اور میرے سُسر کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
اس واقعے کے بعد عفت نے عدنان کے خلاف ممبئی کے مقامی تھانے میں مقدمہ درج کروایا جبکہ عدنان نے اپنے ویڈیو بیان میں بہن کے الزامات کو من گھڑت قرار دیا۔