ممبئی: بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت کی سُپر ہٹ فلم ‘تنو ویڈز منو’ کے تیسرے سیکوئل میں اداکارہ کے کردار سے متعلق اہم انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کنگنا رناوت کی بلاک بسٹر فلم ‘تنو ویڈز منو’ کا تیسرا سیکوئل اپنی پری پروڈکشن کے ابتدائی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور بہت جلد فلم کے حوالے سے تفصیلات سامنے آئیں گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ فلم ‘تنو ویڈز منو ریٹرنز’ میں دو مختلف کردار ادا کرنے والی کنگنا رناوت اب فلم کے تیسرے سیکوئل میں بھی ایک سے زائد کردار میں نظر آئیں گی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ کنگنا رناوت اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے اور مداحوں کی تعریفیں سمیٹنے کے لیے فلم ‘تنو ویڈز منو 3′ میں تین مختلف کردار ادا کریں گی۔
کنگنا رناوت اپنے فلمی کیریئر میں پہلی بار ٹرپل رول میں نظر آئیں گی اور اداکارہ اپنے اس نئے سنگ میل کے لیے بہت پُرجوش ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ اگر سب کچھ منصوبہ بندی کے مطابق ہوا تھا کہ سال 2025 کے آخر تک ‘تنو ویڈز منو 3′ کی شوٹنگ کا آغاز ہوگا جبکہ یہ فلم سال 2026 میں ریلیز کی جائے گی۔