ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کی نئی فلم ’جِگرا‘ کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد سے شائقین اور ناقدین اس کا موازنہ رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ سے کر رہے ہیں، دونوں فلموں کے موضوعات مختلف ہیں لیکن پھر بھی سوشل میڈیا پر دونوں فلموں کے درمیان مماثلت پر گفتگو جاری ہے۔
حال ہی میں دہلی میں ایک پریس میٹنگ کے دوران عالیہ بھٹ نے ان تقابلی جائزوں پر کھل کر بات کی اور اپنے شوہر رنبیر کپور کے ساتھ اپنے پروفیشنل تعلقات کے بارے میں بھی اظہارِ خیال کیا۔
جب عالیہ سے پوچھا گیا کہ کیا ان کے اور رنبیر کے درمیان کوئی پروفیشنل مقابلہ ہے، تو عالیہ نے فوری طور پر اس بات کو مسترد کر دیا۔
عالیہ نے کہا، ’میرے اور رنبیر میں کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میرا شوہر میرا بہترین دوست بھی ہے اور ایک شاندار اداکار بھی۔ ہم ایک دوسرے سے اپنی فلموں اور مناظر کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں۔ جب میں جِگرا یا گنگوبائی کاٹھیاواڑی میں کسی الجھن کا شکار ہوتی تھی، تو میں رنبیر سے بات کرتی تھی، اور اسی طرح وہ اینیمل کے بارے میں مجھ سے بات کرتے تھے۔‘
اداکارہ نے کہا، ’مجھے معلوم ہے کہ لوگ دونوں فلموں کا موازنہ کر رہے ہیں، لیکن حقیقت میں زیادہ مماثلت نہیں ہے۔ یہ صرف اینیمل یا جِگرا کی بات نہیں ہے، بہت سی فلمیں کسی پیارے کے لیے کچھ کرنے کے بارے میں ہوتی ہیں۔ یہ ایک الگ صنف ہے، اور اس موضوع پر کئی فلمیں بن چکی ہیں۔ اس کے علاوہ، دونوں فلموں میں کوئی خاص مماثلت نہیں ہے۔‘
یاد رہے کہ ’جِگرا‘ 11 اکتوبر کو ریلیز ہونے جا رہی ہے اور شائقین عالیہ کو اس جذباتی کردار میں دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔