لاہور:
کاہنہ کے علاقے دھلوکی گاؤں میں غیرت کے نام پر میاں بیوی کو گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا، پولیس نے لاشیں مردہ خانے منتقل کردیں۔
اے ایس پی کاہنہ معاذ الرحمٰن کے مطابق مقتولین میں محمود اور اس کی اہلیہ رفعت شامل ہیں جنہیں گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔
اے ایس پی کاہنہ کے مطابق بدقسمت جوڑے نے دو سال قبل پسند کی شادی کی تھی، فائرنگ مقتولہ کے بھائی فراز احمد اور اس کے ساتھیوں نے کی اور دونوں کو قتل کرنے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔
اے ایس پی کاہنہ کا کہنا ہے کہ ابتدائی کارروائی کے بعد لاشیں مردہ خانے منتقل کردی ہیں، تفتیش جاری ہے اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔