اسلام آباد:
190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کا فیصلہ 6 جنوری کو سنایا جائے گا یا نہیں اس حوالے سے صورت حال واضح نہیں ہوسکی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کیخلاف فیصلہ سنانے کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے جبکہ احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا کی کی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں ٹریننگ بھی شیڈول ہے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں چھ جنوری کو پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی ٹریننگ شیڈول ہے، احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا کی ٹریننگ بھی شیڈول ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 23 دسمبر کو بھی پنجاب کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی ٹریننگ تھی، 23 دسمبر کو بھی فیصلہ نہیں سنایا جاسکا تھا۔
احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس کا فیصلہ چھ جنوری کو سنانے کے لیے تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔ عدالت نے 18 دسمبر کو دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔