بہاول پور کے چڑیا گھر میں موجود 20 سالہ بنگال ٹائیگر بیمار ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ورلڈ وائلڈ لائف فنڈ (ڈبلیوڈبلیوایف) نے اظہار تشویش کیا ہے۔
ڈبلیوڈبلیوایف پاکستان کے ڈائریکٹر حماد نقی نے کہا بنگال ٹائیگر کی ایک آنکھ خراب اور صحت کے دیگرمسائل اس کی تکلیف کو واضع کرتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنگال ٹائیگرکی صحت کے حوالے سے ورلڈایسوسی ایشن آف چڑیاگھر کے رہنما خطوط کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں۔
انہوں نے کہا بیمار اور بوڑھےجانوروں کو عوامی نمائش کے لئے پیش نہیں کرنا چاہیے۔ چڑیاگھروں میں رکھے گئے جانوروں کی فلاح وبہبود پر فوری توجہ دی جائے۔
دوسری طرف اسسٹنٹ ڈائریکٹر وائلڈلائف بہاولپور سید علی عثمان نے بتایا بہاولپور چڑیا گھر میں موجود 20 سالہ بنگال ٹائیگر 2010 میں لاہور سے بہاولپور زو منتقل کیا گیا تھا، بنگال ٹائیگر کی اوسط عمر قدرتی ماحول میں 10 سے 15 سال جبکہ قید میں 20 سال تک ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا بنگال ٹائیگر کو بڑھاپے کے باعث چلنے میں دشواری ہے، بنگال ٹائیگر کا پچھلی ٹانگوں کی کمزوری اور نیچے کا حصہ جھکا ہوا ہے، وقتاً فوقتاً ڈی ورمنگ اور معائنہ کیا جاتا ہے، بنگال ٹائیگر کو قیمہ اور وٹامنز پر مشتمل غذا دی جارہی ہے۔
سیدعلی عثمان نے یہ بھی بتایا کہ لاہوری ٹائیگر کو روزانہ کھلی جگہ میں دھوپ اور تازہ ہوا کے لیے لایا جاتا ہے تاکہ صحت بہتر رہے، بہاولپور چڑیا گھر میں موجود اس ٹائیگر کا خیال رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور اس کی صحت پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔